اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) اقوام متحدہ کی ایجنسی یو این آر ڈبلیو اے نے کہا ہے کہ وسطی غزہ میں اقوام متحدہ کے تحت ایک اسکول پر اسرائیلی حملے میں ایجنسی کے 6 اہلکار شہید ہو گئے ہیں۔اپنے بیان میں یو این آر ڈبلیو اے نے کہا کہ ایک ہی حملے میں 6 اہلکاروں کی شہادت غزہ میں اسرائیلی جنگ کے آغاز کے بعد کسی بھی حملے میں شہید ہونے والے اہلکاروں کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔اس سے قبل غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی کے تحت النصیرات کیمپ کے اسپتال میں بتایا گیا تھا کہ اقوام متحدہ کے الجونی اسکول پر اسرائیلی حملے میں 14 افراد شہید ہوئے، ہزاروں بے گھر فلسطینیوں نے اسکول میں پناہ لی ہے۔
یو این آر ڈبلیو اے نے کہا کہ گزشتہ 11 مہینوں میں یہ پانچواں موقع ہے جب اسرائیلی فورسز نے اقوام متحدہ کے ایک اسکول پر حملہ کیا ہے جو بے گھر فلسطینیوں کے لیے پناہ گاہ کا کام کرتا ہے۔اقوام متحدہ کے عملے پر اسرائیلی حملوں کے لیے جوابدہی کی عدم موجودگی ناقابل برداشت: انتونیو گوٹیرس۔اقوام متحدہ کے ترجمان سٹیفن ڈوجارک نے ایک بیان جاری کیا جس میں غزہ میں شہریوں اور اقوام متحدہ کی تنصیبات پر اسرائیل کے فضائی حملوں کی مذمت کی گئی۔دوسری جانب اسرائیل نے دعویٰ کیا کہ حماس کے جنگجوؤں کو اقوام متحدہ کے اسکول پر نشانہ بنایا گیا لیکن حماس نے اسرائیلی دعووں کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ حماس اقوام متحدہ کے اسکول کو کسی مقصد کے لیے استعمال نہیں کرتی۔واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے اب تک غزہ میں اسرائیلی حملوں میں 41 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جب کہ اسرائیل کے وحشیانہ اقدامات کی وجہ سے لاکھوں افراد بے گھر ہو کر کیمپوں میں پناہ لینے پر مجبور ہو چکے ہیں۔