اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) متحدہ عرب امارات، بحرین، قطر اور دیگر خلیجی ممالک میں پاکستانی بھکاریوں کے خلاف کریک ڈاؤن، پکڑ دھکڑ اور بے دخلی کے بعد پاکستانی بھکاریوں کی اکثریت نے ملائیشیا کا رخ کیا ہے۔
3 ماہ میں 26 خواتین سمیت 41 بھکاریوں کو بھی ڈی پورٹ کیا جا چکا ہے۔ ان کے خلاف ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی میں انکوائری نمبر 304/25 درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ایف آئی اے ذرائع کے مطابق اس حوالے سے اے ایچ ٹی سی لاہور میں 3 تصدیق اور 6 انکوائریاں بھی درج کی گئیں تاہم کوئی مقدمہ درج نہیں ہوا۔ایف آئی اے ذرائع کے مطابق گزشتہ تین ماہ کے دوران ملائیشیا سے ڈی پورٹ کیے گئے بھکاریوں میں زیادہ تعداد خواتین کی ہے۔ان بھکاریوں میں سے 16 کا تعلق کشمور سے ہے جبکہ دیگر کا تعلق رحیم یار خان، فیصل آباد، صادق آباد، لاہور اور دیگر علاقوں سے ہے۔ ان میں سے 21 علامہ اقبال ایئرپورٹ لاہور، 7 جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی، 1 سیالکوٹ اور 2 بے نظیر بھٹو ایئرپورٹ اسلام آباد سے گئے۔21 بھکاری وزٹ ویزوں پر، 9 سیاحتی ویزوں پر اور دیگر مختلف ویزوں پر ملائیشیا گئے۔ جن میں سے 3 خواتین رخسانہ، عظمیٰ مائی اور حسینہ خاتون کو مسقط میں اتار کر ڈی پورٹ کر دیا گیا جبکہ دیگر ملائیشیا میں بھیک مانگتے ہوئے پکڑی گئیں۔