245
اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) نائیجیریا میں ایک مسجد کی چھت اس وقت گر گئی جب وہاں سینکڑوں افراد نماز ادا کر رہے تھے جس کے نتیجے میں 7 نمازی جاں بحق اور 23 زخمی ہو گئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ نائیجیریا کے شمالی صوبے کدونا کے شہر زاریا میں 1830 میں تعمیر ہونے والی مسجد میں پیش آیا۔ حادثے کے وقت تاریخی مسجد میں 200 سے زائد افراد نماز ادا کر رہے تھے۔
50 سے زائد نمازیوں کو ایمبولینس کے ذریعے اسپتال لے جایا گیا، جہاں 7 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوگئی، جب کہ 23 افراد کو شدید زخمی حالت میں اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ریسکیو ٹیم کے انچارج کا کہنا تھا کہ تاریخی مسجد کی چھت گرنے سے 4 نمازی موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جب کہ امدادی کارروائیوں کے دوران مزید 3 لاشیں نکال لی گئیں۔ زخمیوں میں سے 5 کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مسجد کے ایک حصے کی چھت گر گئی ہے اور متعدد افراد ملبے تلے دب گئے ۔
۔