اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) پاکستان کو چین سے 700 ملین ڈالر موصول ، وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے تصدیق کی۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ ‘اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو چائنہ ڈویلپمنٹ بینک کی جانب سے بھیجے گئے 700 ملین ڈالر موصول ہوئے ہیں
اسٹیٹ بینک کے حکام کا کہنا ہے کہ یہ رقم چائنہ ڈویلپمنٹ بینک کو رول اوور معاہدے کے بعد موصول ہوئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے پاکستان اور چین کے درمیان معاہدہ طے پا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق رقم کی وصولی سے پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر 4 ارب ڈالر کے قریب پہنچ گئے ہیں
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف سے اسٹاف معاہدے کے بعد مزید فنانسنگ ملے گی ،اس سے دو روز قبل وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان میں کہا تھا کہ چائنہ ڈویلپمنٹ بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے پاکستان کو 700 ملین امریکی ڈالر قرض دینے کی منظوری دے دی ہے۔
رسمی کارروائی زیر التواء ہے۔ انہوں نے لکھا تھا کہ ‘یہ رقم اگلے ہفتے تک اسٹیٹ بینک کے اکاؤنٹ میں آجائے گی جس کے بعد زرمبادلہ کے ذخائر میں بھی اضافہ ہوگا ۔