اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) گریٹر مانچسٹر پولیس کے 8 افسران کو معطل کر دیا گیا ہے اور ایک افسر کو نسلی امتیاز کے لیے اپنی ڈیوٹی پر پابندی لگا دی گئی ہے۔انڈیپنڈنٹ آفس فار پولیس کنڈکٹ (IOPC) کے مطابق، محکمانہ تحقیقات کے بعد نسلی امتیاز کے لیے معطل کیے گئے افسروں میں سے ایک کا تعلق روچڈیل سے ہے، جب کہ دیگر تمام افسران کا تعلق بوری ضلع سے ہے اور وہ سبھی بوری ضلع میں تعینات تھے۔ برطانوی میڈیا کے مطابق یہ اقدام 17 جولائی کو 5 افسران کو معطل اور 2 کو محدود ڈیوٹیوں پر تعینات کیے جانے کے بعد اٹھایا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق تمام افسران پر نسلی امتیاز کے الزامات عائد کیے جا رہے ہیں تاہم نسلی امتیاز کی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔گریٹر مانچسٹر پولیس کے پروفیشنل اسٹینڈرڈ ڈائریکٹوریٹ کے سربراہ نے کہا: "ہمیں ان افسران کے رویے کے بارے میں سنگین شکایات موصول ہوئی ہیں۔ IOPC کے مطابق، فورس غیر قانونی گرفتاریاں اور تلاشی لے رہی ہے۔انہوں نے کہا، "ہم بوری ڈسٹرکٹ، مقامی کمیونٹی اور عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ اس معاملے کو مکمل تحقیقات کے بعد منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔”