اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)لاہور میں اٹاری دربار کے قریب گیس لیکج کے باعث ایک گھر میں دھماکے سے 8 افراد زخمی ہو گئے۔ ریسکیو حکام کے مطابق فیروزپور روڈ پر واقع گھر کے کمرے میں گیس لیکج ہوئی تھی، اور ہیٹر جلانے کے دوران اچانک دھماکا ہو گیا۔
دھماکے کے بعد آگ لگنے سے زخمیوں کے جھلسنے کی اطلاعات ہیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر جنرل ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق متاثرہ گھر میں حفاظتی اقدامات کی کمی تھی، اور مقامی رہائشیوں نے کہا کہ گیس سلنڈر کے استعمال میں لاپرواہی اکثر دیکھی جاتی ہے، جو مستقبل میں مزید حادثات کا سبب بن سکتی ہے۔
پاکپتن: دوسری جانب پاکپتن کے علاقے چک شفیع میں ایک دکان کے سلنڈر ری فلنگ کے دوران دھماکا ہوا۔ دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ دکان کی چھت اڑ گئی اور بجلی کے تار ٹوٹ گئے۔ دھماکے کے بعد دکان میں آگ بھڑک اٹھی، تاہم ریسکیو ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا۔
یہ حادثات پاکستان میں گیس لیکج اور سلنڈر دھماکوں کے بڑھتے ہوئے خطرے کو واضح کرتے ہیں۔ یاد رہے کہ ایک روز قبل اسلام آباد میں گیس لیکج کے دھماکے نے شادی کے گھر کو ماتم کدے میں بدل دیا تھا، جس میں دولہا، دلہن اور دیگر افراد سمیت 8 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔
اعداد و شمار کے مطابق صرف گزشتہ تین سال کے دوران پنجاب میں گیس سلنڈر اور لیکج کے 488 حادثات رپورٹ ہوئے، جن میں 25 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ تاہم آج بھی متعلقہ اداروں کی غفلت اور حفاظتی اقدامات کی کمی کی وجہ سے کئی مقامات پر غیر محفوظ سلنڈرز موجود ہیں اور ری فلنگ جاری ہے، جس سے مستقبل میں مزید خطرناک حادثات کے امکانات ہیں۔