اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)ملک میں بجلی کے بڑھتے ہوئے شارٹ فال کے باعث مختلف علاقوں میں 8 سے 10 گھنٹے لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے جس کے باعث شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔
ملک کے مختلف علاقوں میں بجلی کی بندش کا سلسلہ جاری ہے ، پاور ڈویژن کے ذرائع کے مطابق بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار 765 میگاواٹ ہے، بجلی کی مجموعی پیداوار 20 ہزار 235 میگاواٹ ہے جب کہ ملک بھر میں بجلی کی طلب 27 ہزارمیگاواٹ ہے۔
ذرائع کے مطابق پن بجلی کی پیداوار 8000 میگاواٹ، سرکاری تھر مل پاور پلانٹس 520 میگاواٹ اور نجی شعبے کے پاور پلانٹس 7000 میگاواٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں۔
پاور ڈویژن ذرائع نے مزید بتایا کہ ونڈ پاور پلانٹس سے بجلی کی پیداوار ایک ہزار 225 میگاواٹ، سولر پاور پلانٹس کی پیداوار 120 اور بیگاسے سے 100 میگاواٹ بجلی پیدا کی جا رہی ہے، جب کہ نیوکلیئر پاور پلانٹس کی پیداوار 3 ہزار 270 میگاواٹ ہے۔