اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) مغربی کنارے پر اسرائیل کی دہشتگردی جاری ،آئے روز مختلف واقعات میں بے گناہ فلسطینیوں کو شہید کرنے کا سلسلہ جاری ۔
مغربی کنارے میں صہیونی فوج کی فائرنگ سے 9 فلسطینی شہید ہوگئے۔فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی فوج نے جنین کیمپ میں چھاپے کے دوران فلسطینیوں کو نشانہ بنایا۔
مغربی کنارے پر فائرنگ کے نتیجے میں شہید ہونے والوں میں ایک بزرگ خاتون بھی شامل ہے۔ فلسطینی وزارت صحت کی جانب سے یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج کی جانب سے نہ صرف کیمپ بلکہ اسپتال کے اندر بھی آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی۔خبر رساں ادارے کے مطابق رواں سال اسرائیلی جارحیت سے شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 29 ہو گئی ہے۔
ادھر سعودی عرب نے فلسطینی شہر جنین پر اسرائیلی کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے کہا ہے کہ وہ اسرائیل کا قبضہ ختم کرانے کے لیے کردار ادا کرے۔ سعودی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ جنین شہر اور کیمپ میں اسرائیلی کارروائی بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
سعودی عرب نے عالمی برادری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری اسرائیل کی پیش قدمی، جارحیت اور فلسطینی علاقوں پر غاصبانہ قبضے کے خلاف اپنا کردار ادا کرے اور شہریوں کو تحفظ فراہم کرے۔