غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ‘رائٹرز کے مطابق ترک صدر طیب اردوان نے اپنے مختصر بیان میں کہا کہ اب اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے بات کرنے کا کوئی راستہ نہیں ہے۔اردگان نے کہا کہ ترکی اسرائیل سے سفارتی تعلقات نہیں توڑ رہا، بین الاقوامی سفارت کاری کے تناظر میں تعلقات کو مکمل طور پر منقطع کرنا ممکن نہیں۔
ترک صدر نے مزید کہا کہ وہ اسرائیل کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور جنگی جرائم کو بین الاقوامی فوجداری عدالت میں لانے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔دوسری جانب خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے غزہ میں الازہر یونیورسٹی اور اسپتالوں پر بمباری کی ہے۔ اس کے علاوہ اسرائیلی فورسز غزہ میں سولر پینلز اور پانی کے ٹینکوں کو بھی نشانہ بنا رہی ہیں۔بین الاقوامی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے نابلس اور جنین سمیت مغربی کنارے کے کئی علاقوں میں چھاپے مار کر متعدد فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا۔