اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)حوالدار لالک جان شہید (نشانِ حیدر) کے 26 ویں یومِ شہادت پر چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مادرِ وطن کے عظیم سپوت کو شاندار خراجِ تحسین پیش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی سمیت تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے بھی شہید کے ایثار اور بہادری کو سلام پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ حوالدار لالک جان شہید نے 1999 کی کارگل جنگ کے دوران دشمن کے سامنے غیر معمولی جرات اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا۔ شدید زخمی ہونے کے باوجود انہوں نے اپنی پوسٹ کا دفاع جاری رکھا اور انخلاء کی پیشکش کو مسترد کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔
بیان کے مطابق، شہداء کی عظیم قربانیاں قوم اور افواج پاکستان کے لیے باعثِ فخر ہیں۔ ان کی قربانیوں کی بدولت مادرِ وطن کے دفاع کا مشن آج بھی پوری جرات، عزت اور عزم کے ساتھ جاری ہے۔
آئی ایس پی آر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ قوم اور فوج اپنے عظیم شہداء کی یاد کو ہمیشہ زندہ رکھے گی اور ان کے مشن کو آنے والی نسلوں تک پہنچایا جائے گا۔ ان کی قربانی ہماری راہنمائی کا روشن چراغ ہے۔