اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)خیبرپختونخوا حکومت کے مشیر اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کو مخصوص نشستیں نہ لینے کا فیصلہ کرنا چاہیے۔
اپنے ایک بیان میں بیرسٹر سیف نے کہا کہ اگر اپوزیشن جماعتیں اخلاقی بنیادوں پر فیصلہ کریں تو انہیں مخصوص نشستیں لینے سے انکار کرنا چاہیے۔ ان کے مطابق، قانونی اور آئینی معاملات 26ویں آئینی ترمیم سے جڑے ہوئے ہیں، تاہم اخلاقی فیصلے اس دائرے سے باہر ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مخصوص نشستوں پر اصل حق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا تھا، لیکن عدالتی فیصلوں کے نتیجے میں یہ نشستیں دوسری جماعتوں کو منتقل کی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فارم 47 کے ذریعے پی ٹی آئی کا مینڈیٹ متاثر کیا گیا، اور اب مخصوص نشستیں بھی تقسیم کی جا رہی ہیں۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ حکومت نے پی ٹی آئی کو سیاسی طور پر کمزور کرنے کی کوشش کی، مگر پارٹی اس کے باوجود مضبوط ہوئی ہے۔ انہوں نے امیر حیدر خان ہوتی کے مخصوص نشستوں سے متعلق بیان کو مثبت قرار دیا۔
مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے 26ویں آئینی ترمیم کے وقت پی ٹی آئی کا ساتھ نہیں دیا تھا، تاہم اب انہیں بھی اخلاقی بنیاد پر امیر حیدر خان ہوتی جیسا مؤقف اپنانا چاہیے۔