اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) بلوچستان میں ہلاک ہونے والے 9 افراد کی لاشیں ان کےآبائی علاقوں میں بھیج دی گئیں
انتظامیہ کو لورالائی میں ہلاک ہونے والے 9 مسافروں کی لاشیں موصول ہوئی ہیں۔کمشنر ڈی جی خان اشفاق احمد کے مطابق نو ہلاک شدگان کی لاشیں بلوچستان پنجاب سرحد پر موصول ہوئی ہیں جہاں باوتا کے سرحدی علاقے میں پولیٹیکل اسسٹنٹ اسد چانڈیہ نے لاشیں وصول کیں جس کے بعد لاشیں ان کے آبائی علاقوں میں بھیج دی گئیں۔
کوئٹہ سے لاہور جانے والی بس کے 9 مسافروں کو اغوا کر کے قتل کر دیا گیا تھا ،انتظامیہ کے مطابق ہلاک ہونے والے تمام 9 مسافروں کا تعلق پنجاب کے مختلف علاقوں سے تھا۔انتظامیہ کا کہنا تھا کہ دو بھائی جابر اور عثمان کا تعلق لودھراں کی تحصیل دنیا پور سے تھا، محمد عرفان کا تعلق ڈی جی خان سے تھا، صابر کا تعلق گوجرانوالہ سے تھا، محمد آصف کا مظفر گڑھ سے تھا اور غلام سعید کا تعلق خانیوال سے تھا۔اس کے علاوہ محمد جنید کا تعلق لاہور سے، محمد بلال کا تعلق اٹک سے اور بلاول کا گجرات سے تھا۔واضح رہے کہ 10 سے 11 جولائی کی درمیانی شب فتنہ الحندستان کے دہشت گردوں نے کوئٹہ سے لاہور جانے والی مسافر بس سے 9 مسافروں کو اغوا کر کے ہلاک کر دیا۔اسسٹنٹ کمشنر ژوب نوید عالم کے مطابق دہشت گردوں نے 9 مسافروں کو اغوا کر کے گولی مار کر ہلاک کر دیا۔