ارد و ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) برطانیہ میں پولیس نے فلسطین ایکشن گروپ کی حمایت کے الزام میں پارلیمنٹ اسکوائر میں 41 سے زائد افراد کو گرفتار کر لیا۔
گرفتار ہونے والوں میں خواتین، بزرگ شہری اور طلباء شامل ہیں۔برطانوی میڈیا کے مطابق برطانوی حکومت پہلے ہی فلسطین ایکشن گروپ کو غیر قانونی قرار دے چکی ہے اور اس کی حمایت کرنے والوں کو 14 سال تک قید کی سزا ہو سکتی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی سیکیورٹی خدشات اور غیر قانونی اجتماع کی وجہ سے کی گئی، تاہم مظاہرین نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ پرامن اور خاموشی سے احتجاج کر رہے ہیں۔اطلاعات کے مطابق گزشتہ ہفتے اسی طرح کے الزامات کے تحت 29 افراد کو حراست میں لیا گیا تھا۔مظاہرین نے برطانوی اسلحہ ساز کمپنیوں کی عمارتوں کے باہر مظاہرہ کیا جن پر مظاہرین نے جنگی جرائم کا الزام لگایا ہے۔لندن کے علاوہ مانچسٹر، کارڈف اور شمالی آئرلینڈ میں بھی فلسطین کی حمایت میں مظاہرے کیے گئے۔مظاہرین کا کہنا ہے کہ وہ دنیا بھر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں بالخصوص غزہ کی جاری صورتحال کے خلاف آواز اٹھا رہے ہیں۔