اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اپنے چیئرمین عمران خان کی رہائی اور حکومت کے ساتھ مصالحت کے لیے جماعت اسلامی سے ثالثی کی درخواست کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن نے انکشاف کیا کہ کچھ عرصہ قبل پی ٹی آئی کے اعلیٰ رہنماؤں نے ان سے رابطہ کر کے ثالثی میں کردار ادا کرنے کی اپیل کی تھی۔
حافظ نعیم کے مطابق، جماعت اسلامی نے پی ٹی آئی رہنماؤں کو جواب دیا کہ وہ اس وقت ہی کوئی پیش قدمی کریں گے جب پی ٹی آئی قیادت باضابطہ طور پر عمران خان کا اعتماد اور واضح منڈیٹ حاصل کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اصولی طور پر ثالثی کے لیے تیار ہے، مگر اس سے پہلے پی ٹی آئی کو اپنے اندر شفافیت پیدا کرنی ہوگی تاکہ ان کے مؤقف میں کوئی ابہام نہ ہو۔ حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ جب پی ٹی آئی کی جانب سے باقاعدہ مینڈیٹ حاصل کیا جائے گا، تب جماعت اسلامی حکومت سے مذاکرات کے لیے تیار ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت ملک کو جن معاشی اور سیاسی بحرانوں کا سامنا ہے، اُن سے نکالنے کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو مل کر چلنے کی ضرورت ہے۔ حافظ نعیم نے زور دیا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ہم ذاتی اختلافات سے بالاتر ہو کر قومی مفاد میں متحد ہوں۔