اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) دنیا میں مصنوعی ذہانت (AI) کے میدان میں ایک نیا انقلاب برپا ہو چکا ہے۔
OpenAI نے اپنے مشہور چیٹ بوٹ ChatGPT کے لیے ایک ایسی نئی خصوصیت متعارف کرا دی ہے جو اسے محض سوالات کے جوابات دینے والے روبوٹ سے نکال کر نیم خودمختار ڈیجیٹل معاون میں تبدیل کر دے گی۔حال ہی میں OpenAI کے سربراہ سیم آلٹ مین اور کمپنی کے دیگر اعلیٰ حکام نے لائیو سیشن کے دوران اس نئے فیچر کا عملی مظاہرہ پیش کیا۔ اس مظاہرے میں دکھایا گیا کہ ChatGPT اب صرف گفتگو کرنے والا بوٹ نہیں بلکہ ایک مکمل مددگار ساتھی بن چکا ہے جو آپ کے روزمرہ کے پیچیدہ کام بخوبی انجام دے سکتا ہے۔
یہ نیا فیچر، جسے "ایجنٹ ٹول” کہا جا رہا ہے، اب صارفین کے لیے دستیاب ہے جو ماہانہ فیس دے کر چیٹ جی پی ٹی پرو، پلس یا ٹیم کے ورژن استعمال کرتے ہیں۔ یہ ٹول نہ صرف ڈیپ ریسرچ اور آپریٹر جیسے پرانے ٹولز کو جوڑتا ہے بلکہ ان سے بھی ایک قدم آگے نکل گیا ہے۔
اب آپ صرف ہدایات دیں، باقی کام ChatGPT خود کرے گا ۔ مثلاً اگر آپ کسی دوسرے شہر کا سفر کرنا چاہتے ہیں تو یہ نہ صرف وہاں کے مناسب ہوٹل تلاش کرے گا بلکہ ان کے فائدے اور نقصانات بھی بتائے گا، آپ کے کیلنڈر سے وقت دیکھے گا، اور یہاں تک کہ میز کی پیشگی بکنگ بھی ممکن بنا سکے گا۔
یہ نیا AI ایجنٹ کمپیوٹر فائلوں، ویب سائٹس، سافٹ ویئرز اور کیلنڈر تک رسائی حاصل کر کے کام کو نہایت منظم انداز میں مکمل کرتا ہے۔ جیسے جیسے یہ ٹیکنالوجی آگے بڑھے گی، انسانی روزگار اور ذمہ داریوں پر اس کے اثرات بھی ایک بڑا سوال بنتے جا رہے ہیں۔