اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے حالیہ مون سون بارشوں کے دوران گذشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 5 افراد کی ہلاکت کی اطلاع دی ہے، جس کے بعد مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 221 ہو گئی ہے
جاں بحق ہونے والے دو مرد اور تین بچے ہیں جبکہ 10 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ این ڈی ایم اے کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں طوفانی بارشوں سے 804 سے زائد مکانات مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں۔
پنجاب سب سے زیادہ متاثر ہوا، جہاں 135 افراد جاں بحق اور 470 زخمی ہوئے۔ اس صوبے میں 168 مکانات جزوی طور پر اور 24 مکانات مکمل طور پر تباہ ہوئے۔
خیبر پختونخواہ میں 40 افراد جا ن سے گئے اور 69 زخمی ہوئے، جبکہ 142 مکانات جزوی اور 78 مکانات مکمل طور پر منہدم ہوئے۔
سندھ میں 22 افراد ہلاک اور 40 زخمی ہوئے، اس میں 54 مکانات جزوی اور 33 مکانات مکمل تباہ ہوئے
بلوچستان میں 16 افراد لقمہ اجل بنے، 4 زخمی ہوئے، اور 56 مکانات جزوی اور 8 مکانات پوری طرح تباہ ہوئے
گلگت بلتستان میں 3 زخمی ہوئے، 71 مکانات جزوی اور 66 مکانات مکمل طور پر تباہ ہوئے۔
آزاد کشمیر میں 1 جاں بحق اور 6 زخمی، 75 مکانات جزوی اور 17 مکانات مکمل طور پر تباہ ہوئے۔اسلام آباد میں 1 ہلاکت ہوئی، 35 مکانات جزوی اور ایک مکان مکمل تباہ ہوا
این ڈی ایم اے کے تازہ ترین اعداد و شمار میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 25 مکانات منہدم ہوئے اور 5 مویشی ہلاک ہوئے، ملک بھر میں اب تک 200 مویشیوں کی اموات ہو چکی ہیں۔
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ مون سون کی مزید بارشیں 21 تا 25 جولائی تک متوقع ہیں، جس سے سیلاب اور لینڈ سلائیڈ کا خطرہ موجود ہے۔