اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان سرحدی جھڑپوں میں شدت آنے کے بعد تھائی حکومت نے اپنے آٹھ سرحدی اضلاع میں مارشل لا نافذ کر دیا ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ جھڑپیں خطرناک رخ اختیار کر چکی ہیں، جن میں اب تک دونوں جانب سے کم از کم 16 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو چکے ہیں۔
مارشل لا تھائی لینڈ کے صوبہ چنتھابوری کے سات اضلاع اور صوبہ تراٹ کے ایک ضلع میں نافذ کیا گیا ہے۔ تھائی فوج کی بارڈر ڈیفنس کمانڈ کے سربراہ جنرل اپیچارٹ ساپراسیٹ نے میڈیا کو بتایا کہ مارشل لا کا مقصد سیکیورٹی کو یقینی بنانا اور بڑے تصادم سے قبل شہریوں کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔
تھائی لینڈ کے قائم مقام وزیراعظم پھمتھم وچھایا چھائی نے بھی سرحدی جھڑپوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ معمولی جھڑپیں مکمل جنگ میں بدل سکتی ہیں۔
اس کشیدہ صورت حال کے باعث تھائی لینڈ کے متاثرہ علاقوں سے اب تک ایک لاکھ افراد نقل مکانی کر چکے ہیں جبکہ کمبوڈیا میں بھی 10 ہزار سے زائد شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔
دونوں ممالک کے درمیان ماضی میں بھی سرحدی تنازعات سامنے آتے رہے ہیں، تاہم موجودہ کشیدگی نے خطے میں امن و امان سے متعلق خدشات کو پھر سے جنم دے دیا ہے۔
بین الاقوامی برادری نے دونوں ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ تحمل سے کام لیں اور کشیدگی کو مزید بڑھنے سے روکیں۔
#BREAKING Thailand declares martial law in eight districts bordering Cambodia pic.twitter.com/2JKy9oaC1I
— AFP News Agency (@AFP) July 25, 2025