اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)خیبرپختونخوا کے معروف سیاحتی مقامات کا رخ کرنے والے افراد کے لیے ایک اہم اعلان سامنے آیا ہے، جس کے مطابق حکومت نے ناران، کاغان، جھیل سیف الملوک اور دیگر مقامات پر داخلے کے لیے انٹری فیس لازم قرار دے دی ہے۔
سرکاری دستاویزات کے مطابق اب کوئی بھی سیاح ان مقامات میں بغیر فیس ادا کیے داخل نہیں ہو سکے گا۔ کاغان ویلی میں باضابطہ انٹری فیس نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اور حسام آباد کے مقام پر انٹری فیس کی وصولی کے لیے مخصوص پوائنٹ قائم کیا جائے گا۔
فیصلے کی روشنی میں بڑی گاڑیوں سے 200 روپے، چھوٹی گاڑیوں سے 100 روپے اور موٹر سائیکل سواروں سے 20 روپے بطور انٹری فیس وصول کیے جائیں گے۔ البتہ مقامی افراد کو اس فیس سے استثنا حاصل ہو گا۔دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ انٹری فیس سے حاصل ہونے والی آمدن ہر ماہ لاکھوں روپے تک پہنچنے کی توقع ہے، جو کہ نہ صرف کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی مالی حالت کو بہتر کرے گی بلکہ سیاحوں کے لیے مزید سہولیات بھی فراہم کی جا سکیں گی۔
اس حوالے سے سیکرٹری سیاحت ڈاکٹر عبدالصمد کا کہنا ہے کہ انٹری فیس کا مقصد آمدنی میں اضافہ کرنا ہی نہیں بلکہ سیاحوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنا بھی ہے۔ بورڈ آف گورنرز اس فیصلے کی منظوری دے چکا ہے اور جلد ہی اس پر عملدرآمد شروع کر دیا جائے گا۔