اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)اسلام آباد میں وزیرِ اعظم شہباز شریف سے کرغزستان کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی، جس کی قیادت کابینہ کے ڈپٹی چیئرمین عزت مآب عادل بیسالوف کر رہے تھے۔
یہ وفد پاکستان کرغزستان مشترکہ بین الحکومتی کمیشن ے پانچویں اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستان کے دورے پر ہے جس کا مقصد دوطرفہ تعاون کو مختلف شعبوں میں فروغ دینا ہے۔
وزیراعظم نے کرغز وفد کو خوش آمدید کہا اور IGC کے پانچویں اجلاس کے کامیاب انعقاد پر اطمینان ظاہر کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان مختلف پروٹوکولز اور مفاہمت کی یادداشتوں ر دستخط کو سراہتے ہوئے انہیں تجارت، توانائی، روابط اور عوامی تبادلوں کے فروغ کی سمت اہم پیشرفت قرار دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان IGC اجلاس میں ہونے والے فیصلوں پر مکمل عملدرآمد کے لیے پرعزم ہے، اور اس بات پر زور دیا کہ معاہدوں پر مؤثر اور بروقت عمل درآمد ضروری ہے تاکہ یہ عملی نتائج میں بدل سکیں۔
ڈپٹی چیئرمین عادل بیسالوف نے حکومت پاکستان کی جانب سے دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کی کوششوں کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ IGC کے نتائج دونوں ممالک کے درمیان مزید مضبوط اور نتیجہ خیز تعاون کی بنیاد بنیں گے۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور کرغزستان کے درمیان قریبی تعلقات کے لیے باہمی مفادات کی بنیاد پر مل کر کام جاری رکھا جائے گا۔