اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)پاکستان اور امریکہ کے مابین ایک اہم تجارتی معاہدہ طے پا گیا ہے جس کا مقصد باہمی تجارت کی توسیع، مارکیٹس تک آسان رسائی، سرمایہ کاری میں اضافہ، اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔ یہ معاہدہ دوطرفہ اقتصادی شراکت میں ایک نئے مرحلے کا آغاز ثابت ہو گا۔
وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے امریکی وزیرِ تجارت ہوورڈ لیٹنک اور تجارتی نمائندے جیمیسن گرير سے ملاقات کی، جس میں پاکستان کے سیکرٹری کامرس جواد پال اور واشنگٹن میں پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ بھی موجود تھے۔ ملاقات کا مقصد ٹیرف اور تجارتی توازن کے مسائل پر پیش رفت کرنا تھا اور مذاکرات مثبت نتائج دے رہے ہیں۔
اس معاہدے کے تحت امریکی مارکیٹ میں پاکستانی مصنوعات پر لگنے والے ٹیرف میں کمی متوقع ہے، جس کا اعلان سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹرتھ سوشل پر خود کیا۔توانائی، معدنیات، آئی ٹی، کرپٹو کرنسی اور دیگر شعبوں میں اقتصادی تعاون کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، جس سے امریکی سرمایہ کاری کے امکانات میں اضافہ ہو گا۔
وزیر خزانہ نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ اس معاہدے کا مقصد ٹیرف اور نان-ٹیرف رکاوٹوں کے مسائل حل کرنا ہے۔ انہوں نے نجی شعبے کے کردار کو سراہا اور کہا کہ تجارت اور سرمایہ کاری کو ہم وقت چلنا چاہیے، تاکہ دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک اقتصادی شراکت تسلسل کے ساتھ پروان چڑھے۔
یہ معاہدہ دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ اقتصادی، تجارتی اور اسٹریٹجک تعاون کو مضبوط کرنے کا عزم ظاہر کرتا ہے، اور اس کی بنیاد پر مستقبل میں سرمایہ کاری اور تجارت میں مزید پیش رفت کی توقع ہے ۔