اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)فیصل آباد میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 9 مئی کے دو مختلف مقدمات کا فیصلہ سنا دیا، جس کے تحت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنماؤں سمیت مجموعی طور پر 196 افراد کو سزائیں دی گئیں۔
عدالتی فیصلے کے مطابق، 168 ملزمان کو 10، 10 سال قید کی سزا سنائی گئی۔ ان مقدمات میں حساس ادارے پر حملے اور تھانہ غلام محمد آباد کے مقدمات شامل تھے۔ حساس ادارے سے متعلق مقدمے میں 185 ملزمان میں سے 108 کو سزا جبکہ دیگر کو بری کر دیا گیا۔ اسی طرح غلام محمد آباد کیس میں 67 میں سے 60 افراد کو سزا اور 7 کو بری کر دیا گیا۔
عدالت نے پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما عمر ایوب، سینیٹر شبلی فراز، سابق وفاقی وزیر زرتاج گل اور ایم این اے صاحبزادہ حامد رضا کو 10 سال قید کی سزا سنائی، جبکہ رکن پنجاب اسمبلی جنید افضل ساہی کو 3 سال قید کی سزا دی گئی — جو ان مقدمات میں سب سے کم سزا ہے۔
مزید برآں، عدالت نے ایک اور مقدمے میں 32 میں سے 28 افراد کو 10، 10 سال قید کی سزا دی، جبکہ 4 افراد کو بری کر دیا گیا۔ فیصل آباد کے تھانہ سول لائن میں درج اس کیس میں فواد چوہدری، زین قریشی، خیال کاسترو اور عبداللہ دمڑ کو الزامات سے بری کر دیا گیا۔
یاد رہے کہ کچھ روز قبل بھی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 9 مئی سے متعلق ایک اور مقدمے میں پی ٹی آئی رہنماؤں احمد چٹھہ، احمد خان بھچر، ڈاکٹر یاسمین راشد اور میاں محمود الرشید کو 10 سال قید کی سزا سنائی تھی۔
—