اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) کینیڈا کے سابق وزیراعظم جسٹن ٹروڈو اور عالمی شہرت یافتہ امریکی پاپ گلوکارہ کیٹی پیری کے درمیان ممکنہ قربتوں کی خبریں عالمی میڈیا پر گردش کرنے لگیں۔
حالیہ دنوں دونوں کو مونٹریال کے ایک پرتعیش ریسٹورینٹ میں ساتھ کھانا کھاتے دیکھا گیا، جس کے بعد ان کی ملاقاتوں سے متعلق چہ مگوئیاں مزید شدت اختیار کر گئی ہیں۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جسٹن ٹروڈو اور کیٹی پیری نے مذکورہ ریسٹورینٹ میں تقریباً دو گھنٹے گزارے۔ ذرائع کے مطابق دونوں کی شام کا آغاز خوش ذائقہ کاک ٹیلز سے ہوا، بعد ازاں انہوں نے ٹونا، لوبسٹر اور ایسپراگس سمیت مختلف پکوانوں سے لطف اندوزی کی۔ان افواہوں کو اس وقت مزید تقویت ملی جب امریکی میڈیا پر دونوں کی ایک تصویر وائرل ہوئی، جس میں وہ خوشگوار موڈ میں ایک ساتھ بیٹھے دکھائی دیے۔تاہم اس ملاقات کی نوعیت یا اس کے پسِ منظر پر نہ تو جسٹن ٹروڈو، نہ کیٹی پیری اور نہ ہی ریسٹورینٹ انتظامیہ کی جانب سے کوئی باضابطہ ردعمل سامنے آیا ہے۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ دونوں شخصیات حال ہی میں اپنی سابقہ محبتوں سے راہیں جدا کر چکی ہیں۔ جسٹن ٹروڈو نے اگست 2023 میں اپنی اہلیہ صوفی گریگوار سے 18 سالہ ازدواجی زندگی کے خاتمے کا اعلان کیا تھا، جبکہ کیٹی پیری نے اسی ماہ اپنے منگیتر اور معروف اداکار اورلینڈو بلوم سے علیحدگی اختیار کی۔ سوشل میڈیا پر ان دونوں کی ممکنہ قربتوں نے مداحوں کو دو حصوں میں تقسیم کر دیا ہے، کچھ افراد اس تعلق کو "سرپرائز آف دی ایئر” قرار دے رہے ہیں، جبکہ دیگر اسے محض اتفاقیہ ملاقات کہہ کر نظرانداز کر رہے ہیں۔اب دیکھنا یہ ہے کہ آیا یہ تعلق محض ایک ملاقات تک محدود ہے یا مستقبل میں اس کہانی کو کوئی نیا موڑ ملتا ہے۔