اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) عالمی ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے اعلان کیا ہے کہ وہ امریکی یونیورسٹیوں میں تعلیم، پیشہ ورانہ تربیت اور مصنوعی ذہانت (AI) سے متعلق تحقیق میں 1 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی۔
گوگل اور اس کی پیرنٹ کمپنی الفابیٹ کے سی ای او سندر پچائی نے ایک بلاگ پوسٹ میں کہا کہ اس اقدام کا مقصد "اے آئی فار ایجوکیشن ایکسلریٹر” کے ذریعے ہر امریکی کالج کے طالب علم کو مصنوعی ذہانت اور کیریئر کی تربیت فراہم کرنا ہے، اور یہ تربیت بالکل مفت ہوگی۔
سندر پچائی کے مطابق، اس پروگرام میں 100 سے زائد کالجز اور یونیورسٹیاں شامل ہو چکی ہیں اور یہ تربیت اگلے تین سالوں میں فراہم کی جائے گی۔ اس کا مقصد ملک بھر کی یونیورسٹیوں میں طلباء کے لیے AI آگاہی، تحقیقاتی اسکالرشپس اور کلاؤڈ کمپیوٹنگ کے وسائل کو فروغ دینا ہے۔ اس پروگرام کے تحت طلباء کو گوگل کی جدید ترین AI ٹولز تک رسائی بھی فراہم کی جائے گی، جن میں جیمنی چیٹ بوٹ شامل ہے۔
پچائی نے یہ بھی کہا کہ اس سرمایہ کاری کے حصے کے طور پر طلباء کو "گوگل کیرئیر سرٹیفکیٹس” بھی فراہم کیے جائیں گے۔ اس پروگرام میں شامل ہونے والی یونیورسٹیوں میں ٹیکساس، نارتھ کیرولائنا اور پنسلوانیا کی کئی پبلک یونیورسٹیاں شامل ہیں، جن میں مشی گن یونیورسٹی، اوہائیو اسٹیٹ یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف ورجینیا بھی شامل ہیں۔ اس سرمایہ کاری کے ذریعے گوگل اپنے "جیمنی فار ایجوکیشن” پروجیکٹ کو مزید آگے بڑھا رہا ہے، جس کے تحت طلباء اور اساتذہ کو AI کی سہولتیں بغیر کسی اضافی قیمت کے فراہم کی جا رہی ہیں۔یاد رہے کہ ریاستہائے متحدہ کی 100 بڑی یونیورسٹیوں میں سے 80 فیصد سے زیادہ پہلے ہی "Google Workspace for Education” کا استعمال کر رہی ہیں، جو تعلیمی اداروں کو AI کے بہترین ٹولز تک رسائی فراہم کرتا ہے۔