اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بلوچستان کے ضلع مستونگ میں سیکیورٹی فورسز پر دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس کارروائی کو ریاست پاکستان کے خلاف دشمن عناصر کی ناکام کوشش قرار دیا ہے۔
صدر زرداری نے کہا کہ فتنہ الہند کی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گردوں کا جلد خاتمہ یقینی بنایا جائے گا اور پاکستان کی خودمختاری و سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے مادرِ وطن کے تحفظ کے لیے جان قربان کرنے والے میجر محمد رضوان طاہر، نائیک ابنِ امین اور لانس نائیک محمد یونس کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔
صدر نے سیکیورٹی فورسز کی بروقت اور بہادری سے بھرپور کارروائی کو سراہا اور کہا کہ جوابی کارروائی میں دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنا فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور قومی عزم کا مظہر ہے۔
دوسری جانب وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی واقعے کی پرزور مذمت کرتے ہوئے شہداء کے اہلِ خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور ہمارے بہادر سپاہی ملک کی حفاظت کے لیے سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑے ہیں۔ انہوں نے شہداء کی قربانیوں کو ناقابلِ فراموش قرار دیا اور دہشت گردوں کو منطقی انجام تک پہنچانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بھی حملے میں شہید ہونے والے اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کی قربانیوں کو قوم کے لیے قابلِ فخر ورثہ قرار دیا۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے اظہار تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
ادھر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بھی مستونگ واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مادرِ وطن کے سپوتوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔