اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)قومی آفات سے نمٹنے کے ادارے (این ڈی ایم اے) نے ممکنہ موسلا دھار بارشوں کے پیش نظر آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں سیلابی صورتحال کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے ہنگامی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
محکمے کے مطابق گلگت بلتستان کے اضلاع ہنزہ، گھانچے اور شگر میں شدید بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی اور اچانک سیلاب کا امکان ہے۔
اسی طرح آزاد کشمیر میں نیلم ویلی، مظفرآباد، راولاکوٹ، پونچھ، ہٹیاں، باغ، حویلی، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر اور میرپور میں بھی نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور سیلابی کیفیت پیدا ہونے کا خطرہ موجود ہے۔
این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ تمام متعلقہ اداروں کو بروقت معلومات فراہم کی جا رہی ہیں اور انہیں ہدایت دی گئی ہے کہ خطرے سے نمٹنے کے لیے پیشگی حفاظتی اقدامات یقینی بنائیں۔
ادارے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ شدید بارشوں کے دوران حساس علاقوں میں غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے۔