اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)پاکستان میں اگست کے وسط میں یومِ آزادی اور چہلم امام حسینؓ کے موقع پر عوام کو چار دن تک مسلسل چھٹی ملنے کا امکان ہے۔
کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق 14 اگست، بروز جمعرات، یومِ آزادی کی مناسبت سے ملک بھر میں عام تعطیل ہوگی۔ اس کے بعد چہلم امام حسینؓ 15 اگست بروز جمعہ کو منایا جائے گا۔
اگرچہ چہلم وفاقی تعطیلات کے شیڈول میں شامل نہیں، تاہم صوبے اپنی صوابدید پر مقامی تعطیل کا اعلان کر سکتے ہیں۔ گزشتہ برس بھی راولپنڈی اور کراچی میں چہلم کے موقع پر عام تعطیل دی گئی تھی۔
اگر اس سال بھی بعض علاقوں میں جمعہ 15 اگست کو چھٹی کا اعلان ہوتا ہے تو عوام کو 14 اگست (جمعرات)، 15 اگست (جمعہ)، 16 اگست (ہفتہ) اور 17 اگست (اتوار) کی صورت میں مسلسل چار چھٹیاں میسر آئیں گی۔
اس دوران متعلقہ حکام کو یومِ آزادی اور چہلم کے موقع پر امن و امان کی صورتحال یقینی بنانے کے لیے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی ہے۔