اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) پیل پولیس نے نابالغوں کی اسمگلنگ کے ایک سنگین کیس میں مسی ساگا کے رہائشی 23 سالہ گیبریل بونیو کو گرفتار کر لیا ہے۔
تحقیقات پیل پولیس اور ہیملٹن پولیس ہیومن ٹریفکنگ یونٹ کے باہمی تعاون سے کی گئی، جس میں ملزم پر کئی سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق، بونیو نے متاثرہ کو نہ صرف پناہ دی بلکہ اس کا استحصال بھی کیا، اور اس کی سرگرمیوں پر مکمل کنٹرول حاصل کیا۔یہ واقعہ 27 جولائی کو مسیساگا میں بونیو کے گھر پر پولیس کی چھاپہ مار کارروائی کے دوران سامنے آیا، جس کے بعد اسے گرفتار کیا گیا۔ ملزم پر نابالغوں کی اسمگلنگ، جنسی زیادتی، گلا گھونٹنے، جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے اور دیگر متعدد جرائم کے الزامات ہیں۔ بونیو کو اس وقت برامپٹن میں اونٹاریو کورٹ آف جسٹس میں پیش کیا گیا ہے اور اس کی ضمانت کی سماعت جاری ہے۔پولیس نے عوام سے درخواست کی ہے کہ اگر انہیں اس حوالے سے مزید معلومات ہوں تو وہ فوری طور پر پولیس سے رابطہ کریں۔ یہ کیس انسانی اسمگلنگ کے بڑھتے ہوئے خطرات کو اجاگر کرتا ہے، جس پر مزید تحقیقات جاری ہیں۔