اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو قومی اسمبلی میں ایک بڑا سیاسی دھچکا
پارٹی سے تین اہم عہدے واپس لے لیے گئے ہیں اور مختلف کمیٹیوں کی ممبرشپز بھی ختم کر دی گئی ہیں۔ذرائع کے مطابق، پی ٹی آئی کے رہنما عمر ایوب کو اپوزیشن لیڈر کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے، جب کہ زرتاج گل کی پارلیمانی لیڈر کی پوزیشن اور احمد چٹھہ کی نائب پارلیمانی لیڈر کی پوزیشن بھی ختم ہو گئی ہیں۔ اس کے علاوہ، اپوزیشن لیڈر کا چیمبر بھی پی ٹی آئی سے واپس لے لیا گیا ہے۔
قومی اسمبلی کے اسپیکر نے ایوان کو آگاہ کیا کہ ممبران کی نااہلی کے تحت ان عہدوں کو منسوخ کیا گیا ہے، جس کے بعد اپوزیشن اور اسپیکر کے درمیان مشاورت کا عمل دوبارہ شروع ہوگا۔ اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے نئے اپوزیشن لیڈر کے لیے نوٹیفکیشن جاری کرنے کا امکان ہے۔ پی ٹی آئی کے آزاد ممبران کو پارلیمانی لیڈر اور نائب پارلیمانی لیڈر کے عہدوں کے لیے دوبارہ نامزد کرنا ہوگا۔
عمر ایوب کو قومی اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی اور فنانس کمیٹی سے بھی نکال دیا گیا ہے، جب کہ پی ٹی آئی کے سات نااہل ممبران کی اسٹینڈنگ کمیٹیوں کی ممبرشپ بھی واپس لے لی گئی ہے۔ ان ممبران میں سب سے اہم ترین تبدیلیاں سامنے آئی ہیں، جن میں صاحبزادہ حمید رضا کی ہیومن رائٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ کی منسوخی اور زرتاج گل کی ہیومن رائٹس کمیٹی سے ممبرشپ کی واپسی شامل ہیں۔ اسی طرح، رائے حسن نواز کو ریلوے کمیٹی کے چیئرمین کے عہدے سے بھی ہٹا دیا گیا ہے۔