اردوورلڈ کینیڈا (ویب نیوز ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ وہ 15 اگست کو روسی صدر ولادی میر پیوٹن سے الاسکا میں ملاقات کریں گے۔
اس ملاقات کا مقصد یوکرین جنگ کے خاتمے سے متعلق ممکنہ معاہدے پر بات چیت کرنا ہے۔صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ یہ ملاقات خطے میں امن قائم کرنے اور روس کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے اہم قدم ثابت ہو سکتی ہے۔ اس سے قبل وائٹ ہاؤس میں ایک بیان میں ٹرمپ نے عندیہ دیا تھا کہ وہ جلد پیوٹن سے ملاقات کریں گے۔امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق روسی صدر پیوٹن نے مشرقی یوکرین کے کچھ علاقوں کے بدلے جنگ بندی کی پیشکش کی ہے، جبکہ ٹرمپ انتظامیہ ان علاقوں کے بدلے کچھ دیگر خطوں کو تبدیل کرنے یا واپس لینے پر غور کر رہی ہے۔واضح رہے کہ صدر ٹرمپ نے روس کو 8 اگست تک کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے دھمکی دی تھی کہ اگر اس تاریخ تک یوکرین کے ساتھ امن معاہدے پر دستخط نہ کیے گئے تو روس پر نئی اقتصادی پابندیاں عائد کی جائیں گی۔مبصرین کا کہنا ہے کہ یہ ملاقات یوکرین جنگ کے مستقبل اور عالمی سفارتی ماحول پر گہرے اثرات مرتب کر سکتی ہے۔