اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان، آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی میزبانی میں ہونے والے تاریخی امن معاہدے کا خیرمقدم کرتا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے اس پیش رفت کو جنوبی قفقاز کے لیے ایک نئے دور کا آغاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ خطہ کئی دہائیوں سے تنازعات اور انسانی المیوں کا شکار رہا ہے، اور یہ معاہدہ امن، استحکام اور باہمی تعاون کا پیغام دیتا ہے۔
انہوں نے صدر الہام علییف اور آذربائیجان کے عوام کو اس کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ ایک پرامن مستقبل کی بنیاد رکھنے میں ان کی دانش، بصیرت اور دور اندیشی کا ثبوت ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ برادر ملک آذربائیجان کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور اس اہم موقع پر بھی ان کے شانہ بشانہ ہے۔
شہباز شریف نے فریقین کو قریب لانے اور معاہدہ طے پانے میں سہولت فراہم کرنے پر امریکہ اور بالخصوص صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے کردار کو سراہا، اور کہا کہ یہ سمجھوتہ تجارت، روابط اور علاقائی تعاون کے لیے نئے دروازے کھولے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مکالمے اور مفاہمت کی یہ فضا دنیا کے دیگر خطوں کے لیے بھی مثال بن سکتی ہے، جو طویل عرصے سے تنازعات کا شکار ہیں۔