غزہ ، امداد کے منتظر مزید 40 افراد اسرائیلی حملوں میں شہید ، 11 فاقہ کشی سے چل بسے
اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) غزہ میں اسرائیلی فوج کے وحشیانہ حملے جاری ہیں، جس کے نتیجے میں آج صبح تک مزید 47 فلسطینی شہید ہو گئے ہیں۔
شہید ہونیوالوں میں سے 40 افراد وہ تھے جو پناہ گزین کیمپوں سے خوراک تلاش کرنے کے لیے نکلے تھے۔عرب میڈیا کے مطابق، 7 اکتوبر 2023 سے اب تک اسرائیلی فوج کے حملوں میں غزہ میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 61,369 ہو چکی ہے، جبکہ 152,850 افراد زخمی ہیں۔غزہ میں قحط کی صورتحال بھی بدتر ہوتی جا رہی ہے، جہاں 11 مزید فلسطینی فاقہ کشی سے شہید ہو گئے ہیں، جس کے ساتھ ہی غذائی قلت کے باعث جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 200 سے زائد ہو گئی ہے۔اس دوران اسرائیل کی فوجی ٹینک غزہ کی سرحد پر پہنچنا شروع ہو گئے ہیں، جو اسرائیل کے غزہ پر مکمل کنٹرول حاصل کرنے کے منصوبے کا حصہ ہیں۔دوسری جانب فلسطینیوں نے غزہ کو چھوڑنے سے مکمل طور پر انکار کر دیا ہے۔ فلسطینیوں کا کہنا ہے کہ وہ یہاں مر جائیں گے، لیکن کہیں نہیں جائیں گے۔اس کے ساتھ ہی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل آج غزہ کی صورتحال پر ایک ہنگامی اجلاس طلب کرے گی۔