اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا، شارع قائد کے قریب لکی ون شاپنگ مال کے قریب تیز رفتار ڈمپرا نے موٹر سائیکل پر سوار بھائی بہن کو کچل دیا۔
حادثے میں دونوں سگی بہن بھائی شدید زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم دونوں کی موت واقع ہوگئی۔ والد بھی زخمی ہوا، جو ڈمپرا کے ٹکر سے متاثر ہوا۔مرحوم بھائی بہن کی شناخت 22 سالہ مہ نور، دختر شاکر اور 14 سالہ احمد رضا، پسر شاکر کے طور پر کی گئی، جبکہ زخمی والد شاکر، ابن صلاح الدین ہیں۔حادثے کے بعد، علاقہ میدان جنگ بن گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق، مشتعل شہریوں نے ڈمپر ڈرائیورز کو پکڑ کر شدید تشدد کا نشانہ بنایا، اور قریبی ڈمپروں پر پتھراؤ کیا، جس کے نتیجے میں 7 ڈمپرز کو آگ لگا دی گئی۔گُلشن چورنگی سے سہرا گوتھ تک جانے والی سڑک پر 4 ڈمپرز کو آگ لگائی گئی، جبکہ سہرا گوتھ سے گُلشن چورنگی جانے والی ہائی وے پر 3 ڈمپرز کو نذر آتش کیا گیا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور صورتحال کو قابو پانے کی کوشش کی۔ فائر بریگیڈ کے کئی گاڑیاں بھی طلب کی گئیں، جنہوں نے آگ بجھانے کی کارروائی کی۔ایس پی گُلبرگ اقبال شیخ کے مطابق، والد اور دونوں بچے موٹر سائیکل پر سوار تھے جب انہیں ڈمپر نے ٹکر مارا۔ ایس پی نے بتایا کہ اس تصادم میں بچے جاں بحق ہوگئے، جبکہ والد زخمی ہوا۔ حادثے کے ذمہ دار ڈمپر کے ڈرائیور کو عوام نے شدید تشدد کا نشانہ بنایا، جس کے بعد ڈرائیور فردوس خان کو زخمی حالت میں حراست میں لے لیا گیا۔پولیس نے واقعے میں ملوث 10 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا ہے اور انہیں تھانے منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق، سی سی ٹی وی فوٹیج اور ویڈیوز کی مدد سے مزید گرفتاریاں عمل میں لائی جائیں گی۔