اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) عراق کے شہر کربلا میں کلورین گیس کے اخراج کے باعث 600 سے زائد زائرین کو عارضی طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا۔
وزارتِ صحت عراق کے مطابق کلورین گیس کے اثرات سے 621 افراد کو سانس لینے میں دشواری اور دم گھٹنے کی شکایات ہوئیں، تاہم تمام متاثرین کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کے بعد گھر بھیج دیا گیا۔یہ واقعہ کربلا اور نجف کے درمیان واقع ایک واٹر ٹریٹمنٹ اسٹیشن میں کلورین گیس کے اخراج کے باعث پیش آیا۔ یہ راستہ دنیا بھر سے آنے والے لاکھوں شیعہ زائرین کے لیے انتہائی اہمیت رکھتا ہے، جو حضرت امام حسینؓ اور حضرت عباسؓ کے مزارات پر حاضری دینے اور ایامِ اربعین میں امام حسینؓ کی شہادت کی یاد منانے آتے ہیں۔سیکیورٹی فورسز کے مطابق گیس کا اخراج واٹر اسٹیشن سے ہوا۔ عراق کی کئی دہائیوں پر محیط جنگ اور بدعنوانی کے باعث ملکی انفراسٹرکچر خستہ حالی کا شکار ہے اور حفاظتی اقدامات اکثر غیر معیاری ہوتے ہیں، جس کی وجہ سے ایسے واقعات رونما ہو جاتے ہیں۔