اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) غزہ ایک بار پھر اسرائیلی جارحیت کی لپیٹ میں آگیا۔ تازہ فضائی حملوں میں مزید 46 فلسطینی شہید ہوگئے، جن میں 6 ایسے افراد بھی شامل ہیں جو امداد کے منتظر تھے۔
جبکہ درجنوں زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیے گئے۔غزہ کی وزارت صحت کے ترجمان کے مطابق گزشتہ صبح شروع ہونے والی اسرائیلی بمباری نے تباہی کی نئی داستان رقم کر دی، جس میں نہ صرف عام شہری بلکہ امداد کے منتظر بے گناہ فلسطینی بھی نشانہ بنے۔زیتون محلے میں ایک رہائشی مکان پر حملے نے پورے گھرانے کو ختم کر دیا، شہداء میں ماں، باپ اور ان کے چھ معصوم بچے شامل ہیں۔الاقصیٰ اسپتال کی رپورٹ کے مطابق، وسطی غزہ کے شہر دیر البلح کے جنوبی اور مشرقی حصوں میں مزید چار فلسطینی شہید کیے گئے۔ فلسطینی ریڈ کراس نے بتایا کہ جنوبی غزہ میں ایک اور فضائی حملے میں تین شہری شہید اور متعدد زخمی ہوئے۔
دوسری جانب غزہ میں قحط اور غذائی قلت کی صورتحال تیزی سے بگڑ رہی ہے، جہاں اب تک 217 افراد، جن میں 100 بچے شامل ہیں، خوراک کی کمی کے باعث جان کی بازی ہار چکے ہیں۔انسانی حقوق کی تنظیموں نے ایک بار پھر خبردار کیا ہے کہ غزہ میں حالات ایک منظم نسل کشی کے منظرنامے میں تبدیل ہو رہے ہیں۔