اسلام آباد میں ایک بین الاقوامی معیار کا کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر کرنے کی تیاری مکمل کر لی گئی ہے، جس کے لیے سی ڈی اے نے ایف-9 پارک کو منتخب کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اس منصوبے میں تکنیکی اور ڈیزائن کے معاملات پر ماہرین کی رائے حاصل کرنے کے لیے سابق قومی کرکٹر راشد لطیف کو شامل کیا گیا ہے۔ راشد لطیف اس سے قبل اسلام آباد کلب کی تعمیر میں بھی اہم کردار ادا کر چکے ہیں، اور اب اس اسٹیڈیم کے ڈیزائن اور تکنیکی پہلوؤں میں سی ڈی اے کی معاونت کریں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اسٹیڈیم کی تعمیر میں سب سے بڑی رکاوٹ سپریم کورٹ کے اس فیصلے سے متعلق ہے جو گرین ایریا کے تحفظ کے بارے میں دیا گیا تھا۔
اس حوالے سے قانونی پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے، اور ممکنہ طور پر سی ڈی اے اس منصوبے کے لیے سپریم کورٹ سے اجازت طلب کر سکتا ہے۔منصوبے کے تحت تجویز دی گئی ہے کہ اسٹیڈیم کی زیادہ تر زمین کو سبزہ زار کے طور پر برقرار رکھا جائے، جیسا کہ جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کے کرکٹ اسٹیڈیمز میں کیا جاتا ہے، جہاں مخصوص حصے میں کرکٹ کی سہولیات موجود ہوتی ہیں جبکہ باقی جگہ قدرتی ہریالی کو محفوظ رکھا جاتا ہے۔یاد رہے کہ اس سے قبل سپریم کورٹ نے شکرپڑیاں میں کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر روک دی تھی، جس کے بعد اب ایف-9 پارک میں یہ منصوبہ زیر غور ہے۔