اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے لاہور ہائیکورٹ کے بانی پی ٹی آئی کی ضمانت کی درخواستیں مسترد کرنے کے فیصلے پر اعتراضات اٹھا دیے۔ سپریم کورٹ نے بانی پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے دائر آٹھ اپیلوں پر پنجاب حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے پراسیکیوشن ڈیپارٹمنٹ کو متعلقہ قانونی نکات پر تیاری کی ہدایت دی۔
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے مقدمے کی مختصر سماعت کی، جس میں جسٹس شفیع صدیقی اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب بھی شریک تھے۔ سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ہائیکورٹ ضمانت کی درخواست کے دوران مقدمے کے بنیادی میرٹ پر کس طرح رائے دے سکتی تھی؟ وکلا اس قانونی پہلو پر عدالت کی رہنمائی کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ ایسی کوئی رائے نہیں دے گی جس سے کسی فریق کے مقدمے پر اثر پڑے۔ کیا ضمانت کے مقدمات میں حتمی آبزرویشنز دینا درست ہے؟ اس نکتے پر بھی وکلا عدالت کی معاونت کریں۔
چیف جسٹس کے مطابق آج صرف پراسیکیوشن کو نوٹس جاری کیا جا رہا ہے اور وکلا کو ہدایت دی جاتی ہے کہ آئندہ سماعت تک قانونی نکات پر تیاری مکمل کریں تاکہ کیس کا فیصلہ میرٹ کی بنیاد پر کیا جا سکے۔
بعدازاں عدالت نے سماعت 19 اگست 2025 تک ملتوی کر دی۔ یاد رہے کہ عمران خان نے لاہور ہائیکورٹ کے مختلف مقدمات میں ضمانت کی درخواستیں مسترد ہونے کے فیصلوں کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے۔