اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)پاکستان اور امریکا نے انسدادِ دہشت گردی ڈائیلاگ کے اختتام پر جاری مشترکہ اعلامیے میں اس بات پر زور دیا کہ دہشتگردی کی ہر شکل کا خاتمہ کیا جائے گا۔
امریکی سفارتخانے کے مطابق اس ڈائیلاگ کی مشترکہ صدارت نبیل منیر اور گریگری ڈی لوجرفو نے کی۔ اجلاس میں بی ایل اے، داعش خراسان اور ٹی ٹی پی کے خطرات سے نمٹنے پر خصوصی توجہ دی گئی۔
امریکا نے دہشتگردوں کے خلاف پاکستان کی کامیابیوں کو سراہا اور جعفر ایکسپریس حادثے سمیت خضدار اسکول بس پر حملے میں جانی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ دونوں ممالک نے سیکورٹی چیلنجز سے نمٹنے اور دہشتگردی میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو روکنے پر اتفاق کیا، ساتھ ہی ادارہ جاتی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور استعداد کار میں اضافے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
مزید یہ کہ اقوام متحدہ سمیت کثیرالجہتی فورمز پر قریبی تعاون جاری رکھنے اور امن و استحکام کے لیے مستقل اور مربوط روابط قائم رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔