19
اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)یومِ آزادی کے موقع پر پاکستان کی مسلح افواج، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور تمام سروسز چیفس نے قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی خودمختاری اور سالمیت کے تحفظ کے لیے ہر ممکن قدم اٹھایا جائے گا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق افواجِ پاکستان وطن کے دفاع کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔
پیغام میں کہا گیا کہ ارضِ وطن کی خاطر کسی قربانی سے گریز نہیں کیا جائے گا۔ مسلح افواج اور عوام کے درمیان قائم مضبوط رشتہ قومی طاقت کا بنیادی ستون ہے، اور ایک خوشحال، مضبوط اور ترقی یافتہ پاکستان کا خواب ضرور شرمندہ تعبیر ہوگا۔ یہ دن قومی یکجہتی اور تابناک مستقبل کے لیے فتح کی علامت ہے۔
سربراہانِ افواج نے مزید کہا کہ ہم بانیانِ پاکستان کو عقیدت و احترام سے یاد کرتے ہیں، کیونکہ انہی کی لازوال قربانیوں کی بدولت ہمیں آزادی کی نعمت ملی۔