اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) البرٹا حکومت اور صوبے کی بڑی ہیلتھ کیئر یونین ہیلتھ سائنسز ایسوسی ایشن آف البرٹا (HSAA) نے 16 ماہ طویل مذاکرات اور باضابطہ ثالثی کے بعد ایک عبوری معاہدہ طے پا لیا ہے۔
یہ معاہدہ جمعرات کو طے پایا، جس سے صوبے بھر کے 22 ہزار سے زائد ہیلتھ ورکرز براہِ راست مستفید ہوں گے۔ایسوسی ایشن کے مطابق، معاہدے کی توثیق کے لیے ووٹنگ 28 اگست سے 10 ستمبر تک جاری رہے گی، اور تنظیم اپنے اراکین کو اس کی منظوری دینے کی سفارش کر رہی ہے۔ معاہدے میں چار سال کی مدت کے دوران 12 فیصد تنخواہوں میں اضافہ شامل ہے، جبکہ 20 فیصد ارکان کی تنخواہوں میں مارکیٹ ایڈجسٹمنٹ کے تحت اضافی ترمیم بھی کی جائے گی۔
معاہدے کے دیگر نکات میں دانتوں کے علاج اور مساج تھراپی کی بہتر سہولیات، اور چھٹیوں کے نظام میں مزید بہتری شامل ہیں۔ایسوسی ایشن کے صدر مائیک پارکر نے بیان میں کہا > "اگرچہ اس معاہدے میں وہ سب کچھ شامل نہیں جو ہم چاہتے تھے، تاہم یہ ہمارے اراکین کی کئی اہم ترجیحات، جیسے زیادہ اجرت اور بہتر سہولیات، کی عکاسی کرتا ہے۔”البرٹا کے وزیرِ خزانہ نیٹ ہارنر نے کہا کہ یہ معاہدہ کئی ماہ کی محنت کا نتیجہ ہے۔
دونوں فریقین کی شراکت داری اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ ہیلتھ پروفیشنلز اور ان کی فراہم کردہ خدمات البرٹنز اور ہمارے ہیلتھ سسٹم کے لیے کس قدر اہم ہیں۔”یاد رہے کہ HSAA صوبے میں 150 سے زائد ہیلتھ کیئر سے متعلقہ پیشوں کی نمائندگی کرتی ہے، جن میں پیرا میڈکس، ذہنی صحت کے مشیر، فارماسسٹ اور فزیوتھراپسٹ شامل ہیں۔