اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) شدید بارشوں، کلاؤڈ برسٹ اور سیلابی ریلوں نے خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان پہنچایا۔
مختلف حادثات میں مجموعی طور پر 61 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ درجنوں افراد زخمی یا لاپتہ ہیں۔ریسکیو حکام کے مطابق خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ کے جبراڑئی اور نواحی علاقوں میں گزشتہ شب آنے والے سیلابی ریلوں نے کئی مکانات، پل اور رابطہ سڑکیں بہا دیں۔ اب تک 21 لاشیں نکالی جا چکی ہیں جبکہ 7 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔ زخمیوں کو فوری طبی امداد کے بعد اسپتال منتقل کیا گیا۔
ضلع مانسہرہ کے بٹگرام میں بھی کلاؤڈ برسٹ سے متعدد گھر تباہ ہوئے، 7 افراد جان بحق اور کئی مویشی ہلاک ہو گئے۔ شانگلہ میں بھی ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے کے پانچ اضلاع میں بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے 43 ہلاکتیں ہوئیں، جن میں باجوڑ، دیر لوئر، سوات، بٹگرام اور شانگلہ شامل ہیں۔
آزاد کشمیر میں ندی نالوں میں طغیانی سے ایک ہی خاندان کے 6 افراد سمیت 8 جانیں ضائع ہوئیں، جبکہ گلگت بلتستان میں بارش کے بعد مختلف حادثات میں 10 اموات ہوئیں۔ آزاد کشمیر میں شدید بارشوں کے باعث تعلیمی ادارے دو دن کے لیے بند کر دیے گئے ہیں۔