خیبرپختونخوا، گلگت اور آزاد کشمیر میں شدید بارشوں، سیلاب سے تباہی،275 سے زائد افراد جاں بحق

اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں شدید بارشیں، بادل پھٹنے، لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی ریلے نے بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا ہے۔ مختلف حادثات میں اب تک 275 سے زائد افراد جان سے گئے۔

صرف بونیر میں اس قدرتی آفت نے 213 جانیں نگل لیں جبکہ کئی افراد لاپتا ہیں۔ مانسہرہ میں سیلابی ریلے اور تودے گرنے کے واقعات میں 20 افراد جاں بحق ہوئے۔ باجوڑ میں کلاؤڈ برسٹ کے بعد سیلاب اور زمین کھسکنے کے نتیجے میں 21 افراد ہلاک ہوئے۔

سیلابی ریلے اور تیز بارش نے متعدد گاؤں کو متاثر کیا، مکانات بہہ گئے، جانور اور گاڑیاں پانی میں ڈوب گئیں۔ بونیر میں ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ہے۔

سوات میں دریاؤں کے بپھرے پانی نے راستے میں آنے والی ہر چیز بہا دی، مینگورہ کی ندیوں کا پانی گھروں میں داخل ہوا اور سیلابی ریلے رابطہ پلوں تک پہنچ گئے۔

آزاد کشمیر کی وادی نیلم میں سیلابی ریلے نے چھ رابطہ پل بہا دیے، مختلف حادثات میں 11 افراد ہلاک ہوئے۔ مظفرآباد میں کلاؤڈ برسٹ کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے چھ افراد سمیت مجموعی طور پر 8 جاں بحق ہوئے۔

گلگت بلتستان میں بھی سیلابی ریلوں نے شدید نقصان پہنچایا۔ اسکردو میں پانچ پل بہہ گئے جبکہ چلاس کے اوچھار نالے میں کئی افراد بہہ گئے، جس کے نتیجے میں 10 ہلاکتیں ہوئیں۔

مزید بارشوں کی پیش گوئی

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (NDMA) نے پیشگوئی کی ہے کہ 18 سے 22 اگست کے دوران خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف اضلاع میں معتدل سے تیز بارشیں متوقع ہیں۔

خیبرپختونخوا کے متاثرہ اضلاع میں چترال، دیر، ہری پور، کرک، کوہاٹ، کوہستان، خیبر، کرم، مانسہرہ، مہمند، نوشہرہ، مالاکنڈ، چارسدہ، ایبٹ آباد، بنوں، بونیر، ہزارہ، پشاور، صوابی، سوات، وزیرستان اور اطراف شامل ہیں۔ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں استور، اسکردو، ہنزہ، شگر، باغ، وادی نیلم، مظفرآباد اور قریبی علاقے متاثر ہو سکتے ہیں۔

وزیراعلیٰ کی ہدایت پر امدادی فنڈز جاری

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی ہدایت پر متاثرہ اضلاع کے لیے 50 کروڑ روپے کے امدادی فنڈز جاری کیے گئے۔ بونیر کے لیے 15 کروڑ، باجوڑ، بٹگرام اور مانسہرہ کے لیے 10 کروڑ روپے فی ضلع، جبکہ سوات کے لیے 5 کروڑ روپے فراہم کیے گئے۔

پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 184 مرد، 14 خواتین اور 12 بچے شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 18 مرد، 2 خواتین اور ایک بچہ شامل ہے۔ مجموعی طور پر 68 گھر نقصان کا شکار ہوئے، 61 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا اور 7 مکانات مکمل طور پر تباہ ہوئے۔

کشمیر میں پھنسے سیاح ریسکیو

آزاد جموں و کشمیر کی اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق شدید بارش اور سیلاب کی وجہ سے ڈیڑھ کلومیٹر طویل سڑک بہہ جانے کے نتیجے میں رتی گلی جھیل جانے والے 700 سے زائد سیاح پھنس گئے۔ صبح 7 بجے شروع ہونے والا ریسکیو آپریشن دوپہر 3:30 پر مکمل ہوا اور تمام سیاح محفوظ مقام پر منتقل کر دیے گئے۔

ریسکیو میں ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ، پولیس اور پاک فوج کے اہلکار شامل تھے۔ سیاحوں کو ان کے متعلقہ علاقوں کی طرف روانہ کر دیا گیا اور عوام سے غیر ضروری سفر سے گریز کی اپیل کی گئی۔

بونیر میں لاشوں کی بازیابی

بونیر میں کلاؤڈ برسٹ اور سیلاب کے بعد اب تک 184 لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔ لاپتا افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن رات کے وقت معطل تھا اور صبح دوبارہ شروع کر دیا گیا۔ ضلع بونیر میں فلڈ ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ تحصیل گدیزی اور پیر بابا کے علاقے سب سے زیادہ متاثر ہوئے، جہاں کئی گاؤں مکمل طور پر تباہ ہو گئے۔

مرکزی بازار، رہائشی علاقے اور پولیس اسٹیشن بھی پانی میں ڈوب گئے۔ ڈی سی بونیر نے نوجوانوں کی بہادری کی تعریف کی جو جان خطرے میں ڈال کر متاثرہ خاندانوں کی مدد کر رہے تھے۔

دریائے نندھیار سے 14 لاشیں برآمد

بٹگرام میں دریائے نندھیار شملائی سے 14 لاشیں نکالی گئی ہیں، جبکہ 7 افراد کی تلاش جاری ہے۔ گزشتہ روز ڈھیری حلیم میں سیلابی ریلے کے نتیجے میں 28 افراد بہہ گئے تھے، جن میں سے 7 کو زندہ بچا لیا گیا۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو  800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنا مختصر  تعارف کے ساتھ URDUWORLDCANADA@GMAIL.COM پر ای میل کردیجیے۔

امیگریشن سے متعلق سوالات کے لیے ہم سے رابطہ کریں۔

کینیڈا کا امیگریشن ویزا، ورک پرمٹ، وزیٹر ویزا، بزنس، امیگریشن، سٹوڈنٹ ویزا، صوبائی نامزدگی  .پروگرام،  زوجیت ویزا  وغیرہ

نوٹ:
ہم امیگریشن کنسلٹنٹ نہیں ہیں اور نہ ہی ایجنٹ، ہم آپ کو RCIC امیگریشن کنسلٹنٹس اور امیگریشن وکلاء کی طرف سے فراہم کردہ معلومات فراہم کریں گے۔

ہمیں Urduworldcanada@gmail.com پر میل بھیجیں۔