اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ہلال جرأت، نشان امتیاز (ملٹری) نے صوبہ خیبر پختونخوا میں سیلاب سے متاثرہ عوام کی بحالی کے لیے خصوصی اقدامات کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صوبے میں تعینات پاک فوج سیلاب زدگان کی مدد کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی اور ضرورت کے مطابق اضافی فوجی دستے بھی تعینات کیے جا رہے ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق، پاک فوج نے اپنے اہلکاروں کی ایک روزانہ کی تنخواہ خیبر پختونخوا کے متاثرہ عوام کی بحالی کے لیے مختص کر دی ہے۔ علاوہ ازیں، تقریباً 600 ٹن راشن بھی سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے وقف کیا گیا ہے۔
فیلڈ مارشل نے کور آف انجینئرز کو خصوصی ہدایات جاری کی ہیں کہ تباہ شدہ پلوں کی مرمت جلد از جلد مکمل کی جائے اور جہاں ضرورت ہو وہاں عارضی پل قائم کیے جائیں۔
پاک فوج کے نائن یونٹ کے ریسکیو سنِفنگ ڈاگ یونٹ کو سرچ اینڈ ریسکیو آپریشنز کے لیے تعینات کیا جا رہا ہے، جبکہ فوج کی خصوصی اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم بھی اس کام میں حصہ لے گی۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق، فوج کے ہیلی کاپٹر اور آرمی ایوی ایشن پہلے سے ہی سیلاب زدہ علاقوں میں ریسکیو اور امدادی کارروائیوں کے لیے تعینات ہیں۔
پاک فوج نے واضح کیا ہے کہ مشکل وقت میں خیبر پختونخوا کے بہادر عوام کے ساتھ مکمل تعاون اور یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہے۔