اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان نے جیل میں ملاقات کرنے والے رہنماؤں کو بتایا کہ انہوں نے اپوزیشن اتحاد کے سربراہ محمود خان اچکزئی کو قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے طور پر نامزد کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، عمران خان نے یہ بھی ہدایت دی ہے کہ سینیٹ میں قائد حزبِ اختلاف کے لیے مزید مشاورت کی جائے۔ اس حوالے سے اعظم سواتی کو اب تک کا سب سے مضبوط امیدوار قرار دیا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ 9 مئی کے مقدمات میں انسدادِ دہشت گردی عدالت کی سزا کے بعد پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب اپوزیشن لیڈر کی نشست سے محروم ہو گئے تھے اور انہیں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی سمیت تمام قائمہ کمیٹیوں سے بھی فارغ کر دیا گیا تھا۔ بعد ازاں الیکشن کمیشن نے عدالت کے فیصلے کی روشنی میں عمر ایوب اور شبلی فراز کی نااہلی کا نوٹیفکیشن جاری کیا، جسے دونوں رہنماؤں نے پشاور ہائی کورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے۔
ادھر ذرائع کے مطابق عمران خان نے پارٹی کو ملک میں ہونے والے تمام ضمنی انتخابات میں بھرپور حصہ لینے کی ہدایت دی ہے اور یہ بھی کہا ہے کہ جن ارکانِ اسمبلی کو نااہل قرار دیا گیا ہے، ان کے اہل خانہ کو ٹکٹ دینے میں ترجیح دی جائے۔