اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)بالی ووڈ اداکار عامر خان ایک بار پھر تنازعے کی زد میں آگئے ہیں۔ ان کے بھائی فیصل خان نے ممبئی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خاندان اور خاص طور پر عامر خان پر سنگین الزامات عائد کیے۔
فیصل خان کا کہنا تھا کہ انہیں جھوٹا ذہنی مریض قرار دیا گیا اور زبردستی نشہ آور ادویات دے کر ایک سال تک گھر میں نظر بند رکھا گیا۔ ان کے مطابق یہ سب اقدام اس لیے کیے گئے تاکہ ان کی آواز دبائی جا سکے۔
پریس کانفرنس کے دوران فیصل نے عامر خان پر براہِ راست الزام لگاتے ہوئے کہا کہ شادی شدہ ہونے کے باوجود انہوں نے غیر ملکی صحافی جیسیکا ہائنس سے تعلقات قائم کیے اور ان کے ہاں ایک بچہ بھی پیدا ہوا۔
فیصل خان نے مزید کہا کہ ان کی بہن نے اس پریس کانفرنس کو روکنے کی کوشش کی لیکن وہ اپنی بات پر قائم رہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وہ خاندان سے مکمل لاتعلقی اختیار کرتے ہیں اور والدین کی جائیداد یا عامر خان کی کسی مالی معاونت میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتے۔
یہ پہلا موقع نہیں جب فیصل خان نے اپنے خاندان پر اس طرح کے الزامات لگائے ہوں۔ اس سے قبل بھی وہ انٹرویوز اور سوشل میڈیا پر اسی نوعیت کے بیانات دے چکے ہیں۔
ادھر عامر خان اور دیگر اہل خانہ نے فیصل کے تمام دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ یہ الزامات بے بنیاد اور تکلیف دہ ہیں۔ ان کے مطابق فیصل کی فلاح کے لیے ہمیشہ ماہرینِ طب کی رائے کو سامنے رکھا گیا ہے، مگر خاندان نے کبھی ان مسائل کو عوامی سطح پر نہیں اچھالا۔ انہوں نے میڈیا سے اپیل کی کہ اسے خاندانی معاملے کے بجائے سنسنی خیز خبر نہ بنایا جائے۔