اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)چین کے شمال مغربی صوبے چنھگائی (Qinghai) میں ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا جہاں ییلو ریور پر بننے والے ایک پل کا درمیانی حصہ اچانک گر گیا۔ اس اندوہناک واقعے میں اب تک 12 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ 4 مزدور تاحال لاپتہ ہیں۔
چینی میڈیا کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب پل کی تعمیر کے دوران اچانک اسٹیل کیبل ٹوٹ گئی۔ کیبل کے ٹوٹتے ہی پل کا درمیانی ڈھانچہ ٹوٹ کر نیچے دریا میں جا گرا، جس کے نتیجے میں وہاں موجود مزدور اور عملہ پانی میں گر گئے۔
ابتدائی طور پر ہلاکتوں کی تعداد 7 بتائی گئی تھی، تاہم ریسکیو کارروائیوں کے دوران مزید لاشیں نکالنے کے بعد یہ تعداد 12 تک جا پہنچی۔ حکام کا کہنا ہے کہ لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے اور دریا میں سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمیں جدید آلات کے ساتھ سرگرم ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثے کے وقت تعمیراتی مقام پر 15 مزدور اور ایک پروجیکٹ مینیجر موجود تھے۔ جاں بحق اور لاپتہ ہونے والوں میں زیادہ تر مقامی مزدور شامل ہیں، جنہیں پل کی تعمیر کے لیے تعینات کیا گیا تھا۔
چینی حکومت نے واقعے کی تحقیقات کے احکامات جاری کر دیے ہیں تاکہ حادثے کی اصل وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔ مقامی حکام نے جاں بحق مزدوروں کے لواحقین کے لیے مالی امداد اور متاثرہ خاندانوں کی بحالی کے اقدامات کا اعلان کیا ہے۔
یہ واقعہ نہ صرف متاثرہ خاندانوں کے لیے صدمہ ہے بلکہ تعمیراتی حفاظتی اقدامات اور معیار پر بھی سوالیہ نشان چھوڑ گیا ہے۔