اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) برطانیہ کے آئل آف ویٹ پر تربیتی پرواز کے دوران ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں پائلٹ سمیت 3 افراد موقع پر ہی ہلاک اور ایک شخص شدید زخمی ہوگیا۔
برطانوی میڈیا کے مطابق ہیلی کاپٹر نے تربیتی مشق کے لیے صبح 9 بجے سینڈاؤن ایئرپورٹ سے ٹیک آف کیا۔ فلائٹ آپریٹر، نارتھمبریا ہیلی کاپٹرز نے تصدیق کی کہ جہاز میں پائلٹ سمیت چار افراد سوار تھے۔حکام کا کہنا ہے کہ طیارہ ٹیک آف کے صرف 24 منٹ بعد شانکلن کے علاقے میں ایک سڑک کے قریب ایک کھیت میں گر کر تباہ ہو گیا۔ ریسکیو سروس فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچی، علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور قریبی سڑک کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا۔
ابتدائی طور پر ہیلی کاپٹر گرنے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے۔ برطانیہ کی فضائی حادثات کی تحقیقاتی شاخ (اے اے آئی بی) نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور شواہد اکٹھے کرنے کے لیے ماہرین کو جائے وقوعہ پر بھیج دیا گیا ،زخمی مسافر کو ہسپتال لے جایا گیا ہے جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔