38
اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) واشنگٹن سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ نے غیر ملکی طلبہ اور صحافیوں کے لیے ویزا کی مدت محدود کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس اقدام کو ویزا کے غلط استعمال اور غیرملکیوں کی کڑی جانچ پڑتال سے جوڑا جا رہا ہے۔ماضی میں 1978 سے ایف ویزا رکھنے والے غیر ملکی طلبہ کو امریکا میں غیر معینہ مدت تک قیام کی اجازت حاصل تھی۔ تاہم، محکمہ ہوم لینڈ سکیورٹی کا کہنا ہے کہ طویل قیام امریکی شہریوں کے لیے نقصان دہ ثابت ہوا۔ نئے قانون کی منظوری کی صورت میں طلبہ کا قیام صرف اپنے اسٹڈی پروگرام کی مدت تک محدود ہو جائے گا۔تجویز کے مطابق، غیر ملکی طلبہ زیادہ سے زیادہ چار سال امریکا میں رہ سکیں گے جبکہ غیر ملکی صحافیوں کو ابتدائی طور پر 240 روز کا قیام دیا جائے گا۔ یہ مدت ان کی اسائنمنٹ کے مطابق بڑھائی بھی جا سکتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ طلبہ اور میڈیا نمائندگان کو باقاعدہ جانچ پڑتال کے عمل سے بھی گزرنا ہوگا۔
یاد رہے کہ صدر ٹرمپ نے 2020 میں بھی اسی نوعیت کا ویزا قانون تجویز کیا تھا، تاہم بائیڈن انتظامیہ نے برسراقتدار آ کر اس فیصلے کو منسوخ کر دیا تھا۔ اب ٹرمپ کی ٹیم دوبارہ وہی پالیسی آگے بڑھانے کی کوشش کر رہی ہے۔