اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں آئندہ دنوں کے دوران مزید موسلا دھار بارشوں کی پیش گوئی کی ہے، جس سے ندی نالوں میں طغیانی اور نشیبی علاقوں کے زیرِ آب آنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 29 اگست کو بحیرۂ عرب اور خلیج بنگال سے مون سون ہوائیں پاکستان میں داخل ہوں گی، جبکہ 30 اگست سے مغربی ہواؤں کا ایک نیا سلسلہ بھی ملک کے مختلف علاقوں کو متاثر کرے گا۔ یہ سلسلہ 2 ستمبر تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
پیش گوئی کے مطابق بالائی اور وسطی علاقوں میں شدید بارشوں کے نتیجے میں اسلام آباد، راولپنڈی، مری اور کشمیر کے ندی نالوں میں طغیانی آسکتی ہے۔ اسی طرح خیبرپختونخوا کے اضلاع چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، صوابی اور مردان کے ندی نالے بھی بھرنے کا خدشہ ہے۔
لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، فیصل آباد، پشاور اور مردان کے نشیبی علاقے زیرِ آب آسکتے ہیں جبکہ لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات بھی بڑھ گئے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آندھی اور بارش کے باعث کمزور عمارتیں، کھمبے اور بل بورڈز کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔