وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کا سیلاب زدہ اضلاع کے لیے ریلیف پیکیج کا اعلان

اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ 15 اگست سے شروع ہونے والی شدید بارشوں اور کلاؤڈ برسٹ نے صوبے کے مختلف اضلاع کو بری طرح متاثر کیا ہے، جن میں بونیر، سوات، شانگلہ، باجوڑ، مانسہرہ اور صوابی شامل ہیں۔

ان بارشوں اور حادثات کے باعث اب تک 406 افراد جاں بحق اور 245 زخمی ہوچکے ہیں، جبکہ ہزاروں مکانات، دکانیں، سڑکیں اور پل متاثر ہوئے ہیں۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 664 گھر مکمل طور پر تباہ اور 2431 جزوی طور پر متاثر ہوئے، 511 سڑکیں اور 77 پل بہہ گئے جبکہ 2123 دکانوں کو بھی نقصان پہنچا۔

وزیراعلیٰ نے اپنے پیغام میں بتایا کہ صوبائی حکومت نے فوری طور پر ریسکیو اور ریلیف سرگرمیاں شروع کیں۔ اب تک 5566 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، 430 لاشیں نکالی گئیں جبکہ 2061 اہلکار اور 176 گاڑیاں و کشتیاں آپریشن میں حصہ لے رہی ہیں۔ 136 رابطہ سڑکیں اور 65 پل بحال کیے جاچکے ہیں۔

ریسکیو آپریشن کے بعد متاثرین کو امداد فراہم کی گئی، جس میں ایک لاکھ 19 ہزار افراد کو کھانا پہنچایا گیا، 125 ٹرکوں پر سامان بھیجا گیا اور 70 میڈیکل کیمپس قائم کیے گئے۔

علی امین گنڈاپور نے معاوضوں میں اضافے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جاں بحق افراد کے لواحقین کو 20 لاکھ روپے، زخمیوں کو 5 لاکھ روپے، مکمل تباہ شدہ گھروں کے مالکان کو 10 لاکھ روپے اور جزوی متاثرہ گھروں کو 3 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔ تباہ شدہ دکانوں کے لیے 5 لاکھ اور جزوی متاثرہ دکانوں کے لیے ایک لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ فصلوں، باغات اور مال مویشیوں کے نقصانات کا بھی ازالہ کیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ اب تک جاں بحق ہونے والے 350 افراد کے لواحقین کو 65 کروڑ روپے دیے جاچکے ہیں، زخمیوں کو ایک کروڑ 95 لاکھ روپے، جبکہ گھروں اور دکانوں کے لیے بھی کروڑوں روپے جاری کیے گئے ہیں۔ مزید ایک ارب روپے دکانوں اور 1.3 ارب روپے گھروں کے لیے جاری ہوں گے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ادائیگیوں کو شفاف بنانے کے لیے ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم متعارف کرایا گیا ہے اور اتوار تک تمام معاوضے تقسیم کرنے کی ڈیڈ لائن مقرر ہے۔ متاثرہ اضلاع میں بحالی کے کاموں کی براہِ راست نگرانی کے لیے اعلیٰ افسران تعینات کیے گئے ہیں، اضافی طبی عملہ اور موبائل میڈیکل یونٹس بھی فراہم کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے مزید اعلان کیا کہ کابینہ ارکان، صوبائی اسمبلی کے اراکین اور سرکاری ملازمین اپنی تنخواہیں سیلاب متاثرین کے لیے عطیہ کریں گے، جس کے لیے پی ڈی ایم اے میں خصوصی اکاؤنٹ کھولا گیا ہے۔ اب تک ریلیف اور بحالی کے لیے 6.5 ارب روپے جاری کیے جاچکے ہیں جبکہ مزید 5 ارب روپے فراہم کیے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ جن کے گھر تباہ ہوئے انہیں دوبارہ گھر بنا کر دیے جائیں گے اور نقصانات کا سو فیصد ازالہ کیا جائے گا۔ یتیم ہونے والے بچوں کی کفالت صوبائی حکومت خود کرے گی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ خیبر پختونخوا حکومت پنجاب سمیت دیگر متاثرہ صوبوں کے ساتھ بھی بھرپور تعاون کرے گی۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو  800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنا مختصر  تعارف کے ساتھ URDUWORLDCANADA@GMAIL.COM پر ای میل کردیجیے۔

امیگریشن سے متعلق سوالات کے لیے ہم سے رابطہ کریں۔

کینیڈا کا امیگریشن ویزا، ورک پرمٹ، وزیٹر ویزا، بزنس، امیگریشن، سٹوڈنٹ ویزا، صوبائی نامزدگی  .پروگرام،  زوجیت ویزا  وغیرہ

نوٹ:
ہم امیگریشن کنسلٹنٹ نہیں ہیں اور نہ ہی ایجنٹ، ہم آپ کو RCIC امیگریشن کنسلٹنٹس اور امیگریشن وکلاء کی طرف سے فراہم کردہ معلومات فراہم کریں گے۔

ہمیں Urduworldcanada@gmail.com پر میل بھیجیں۔