اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)نئے تعلیمی سال کے آغاز میں چند ہی دن باقی ہیں لیکن البرٹا کے اساتذہ اور صوبائی حکومت کے درمیان نئے معاہدے کے لیے ہونے والے مذاکرات کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکے۔
البرٹا ٹیچرز ایسوسی ایشن (ATA) کا کہنا ہے کہ اس کی مرکزی مذاکراتی کمیٹی (CTBC) نے اس ہفتے دو روز تک حکومت کی ٹیچرز ایمپلائر بارگیننگ کمیٹی (TEBA) سے ملاقات کی، مگر کوئی معاہدہ طے نہ ہو سکا۔
یونین کے مطابق حکومت اساتذہ کی تنخواہوں میں خاطر خواہ اضافے پر تیار نہیں اور صرف وہی تجویز دہرائی گئی ہے جو پہلے ثالث نے دی تھی — چار سال کے لیے ہر سال تین فیصد اضافہ اور ایک متحدہ تنخواہی اسکیل۔
ATA کے صدر جیسن شلنگ کا کہنا ہے کہ مسئلہ صرف تنخواہوں کا نہیں بلکہ کلاس روم کے حالات بھی ہیں، جن میں طلبہ کی زیادہ تعداد، وسائل کی کمی اور حکومتی پالیسیاں جیسے لائبریری کی کتابوں پر پابندیاں، ضمیروں (pronouns) کے قواعد اور جنسی تعلیم کے لیے والدین کی منظوری شامل ہیں۔
انہوں نے کہایہ سمجھ سے باہر ہے کہ اساتذہ کو ان چیزوں کے لیے وسائل مانگنے پڑتے ہیں جو حکومت نے خود لازمی قرار دی ہیں۔ اگر حکومت نئی ذمہ داریاں دے رہی ہے تو وسائل اور بجٹ بھی فراہم کرے۔
حکومت کا مؤقف ہے کہ ATA نے بات چیت ختم کر دی حالانکہ معاہدے کے قریب پہنچ چکے تھے۔
یونین نے جون میں تجویز دی تھی کہ تنخواہوں میں پچھلے تعلیمی سال کے لیے بھی اضافہ شامل کیا جائے، یکساں تنخواہی اسکیل یکم ستمبر سے نافذ ہو، اور اسکیل کے اوپر والے درجے میں 1.5 فیصد اضافہ کیا جائے۔ اس کے علاوہ ہر سال ایک ہزار نئے اساتذہ بھرتی کرنے کی تجویز بھی دی گئی تھی، تاکہ 2027-28 تک 3,000 اضافی اساتذہ دستیاب ہوں۔
حکومت کے مطابق یہ تجویز 750 ملین ڈالر کے اضافی خرچ کا باعث بنتی، جب کہ صوبے کا خسارہ حال ہی میں 6.5 ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔
مالیاتی وزیر نیٹ ہورنر نے کہاہمیں عوامی خدمات فراہم کرنے والوں کی محنت کی قدر ہے، مگر ہمیں ٹیکس دہندگان کے ساتھ بھی انصاف کرنا ہے۔ اس صورتحال میں 750 ملین ڈالر نکالنا آسان نہیں، پھر بھی ہم نے کوشش کی تاکہ اساتذہ اور والدین کے لیے استحکام پیدا ہو۔”
یہ تجویز مسترد کر دی گئی۔ تاہم، حالیہ مذاکرات میں حکومت نے نئے اساتذہ بھرتی کرنے پر اتفاق کر لیا لیکن تنخواہوں کے معاملے پر اپنے مؤقف پر قائم رہی۔
یونین کا کہنا ہے کہ اگر کوئی معاہدہ نہ ہوا تو ہڑتال کے امکانات بڑھ جائیں گے۔ 94.5 فیصد اساتذہ نے ہڑتال کے حق میں ووٹ دیا ہے اور یہ مینڈیٹ 7 اکتوبر تک مؤثر ہے۔ ہڑتال کے لیے 72 گھنٹے پہلے اطلاع دینا لازمی ہوگا۔
وزیر تعلیم ڈیمیٹریوس نکولائیڈز نے کہا کہ ہڑتال یا لاک آؤٹ دونوں ممکن ہیں، لیکن ترجیح یہی ہے کہ مذاکرات کے ذریعے معاہدہ ہو جائے۔
ATA جلد اپنی مہم کو تیز کرنے والی ہے، جس میں ریڈیو اشتہارات، ڈیجیٹل بل بورڈز اور سوشل میڈیا مہم شامل ہوگی۔ حکومت کا الزام ہے کہ یونین عوام اور والدین کو گمراہ کر رہی ہے تاکہ تنخواہیں بڑھائی جا سکیں، جبکہ یونین کا کہنا ہے کہ یہ بچوں کے بہتر مستقبل کی جنگ ہے۔زیادہ تر طلبہ البرٹا میں منگل سے اسکول واپس جا رہے ہیں۔